ویب ڈیسک: (نتاشارحمان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کاشتکاربھائیوں کیلئے ایک اور تاریخی اقدام، کاشتکاروں کے لئے "پنجاب کسان بنک، گرین ٹریکٹر سکیم، ہارویسٹر اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری، آئل سیڈ پروموشن پروگرام " جیسے تاریخی پیکجز کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کسان پیکج پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
کاشتکاروں کو آسان قرضوں کے لئے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کے لئے "سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم" کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریکٹر پرمحض چھ لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز مستردکردی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹے ٹریکڑ پر 70فیصداور بڑے ٹریکٹرپر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایت کردی۔
محمد نواز شریف کی تجویز پرپنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد دس ہزار بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت زیادہ ٹریکٹر دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ چھ ایکڑ سے 50ایکڑ اراضی مالکان ٹریکٹر سکیم میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مقامی سطح پر تیار کردہ ہائی ٹیک میکنائزیشن پروگرام کی بھی منظوری دے دی۔ غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں مقامی اشتراک سےہارویسٹر اور دیگرآلات تیارکریں گی۔
غیر ملکی کمپنیوں کو جدید زرعی آلات کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ پر مراعات دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ پنجاب میں آئل سیڈ پروموشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں تیلدار اجناس تیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 400ارب روپے کا کسان پیکیج دیا جارہا ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے علاوہ دیگر مراعات اور سہولتیں بھی دیں گے۔ ہر کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہمارے اولین اہداف میں شامل ہے۔
اجلاس میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ کسان کارڈ کے لئے 48گھنٹے میں 47ہزار فارمر رجسٹریشن کراچکے ہیں۔