ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی فلک شبیر اور سارہ خان حالیہ دنوں ایک نئے تنازعے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب گلوکار فلک شبیر نے خواتین کے مختصر یا جسم نمایاں کرنے والے لباس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ فلک شبیر کا کہنا تھا کہ وہ دو بیٹیوں کے والد ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹیاں ایک بہتر معاشرتی ماحول میں پروان چڑھیں۔
فلک شبیر کے اس بیان کے بعد اداکارہ علیزے شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے ان کے ساتھ ماضی میں کیے گئے ایک میوزک ویڈیو پراجیکٹ سے متعلق کئی دعوے کیے ہیں۔
علیزے شاہ، جنہوں نے فلک شبیر کے معروف میوزک ویڈیو ‘یاداں’ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں مذکورہ پراجیکٹ میں مختصر لباس پہننے پر آمادہ کیا گیا تھا، حالانکہ وہ اس حوالے سے مکمل طور پر مطمئن نہیں تھیں۔
اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ میوزک ویڈیو میں استعمال ہونے والے ملبوسات کی اسٹائلنگ اور تیاری میں سارہ خان کا کردار تھا۔ انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ شوٹنگ کے دوران بعض رومانوی مناظر کے حوالے سے انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، تاہم ان کی درخواستوں کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔
تاحال فلک شبیر یا سارہ خان کی جانب سے علیزے شاہ کے حالیہ دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شوبز حلقوں میں بھی اس بحث نے توجہ حاصل کر لی ہے۔