ویب ڈیسک: امریکن بٹ کوائن اسٹرٹیجک ریزرو فنڈ کا قیام ۔۔۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا۔ یہ امریکا کا ڈیجیٹل ’’ فورٹ ناکس’’ ہوگا، کرپٹوکرنسی وڈیجیٹل زار وہائٹ ہاؤس ڈیوڈ ساکس کا اعلان۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دستخط شدہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ذخیرہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس سے کرپٹو کرنسی کی صنعت کو امریکی انتظامیہ میں قبولیت حاصل ہوگی۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ "جس طرح قومی ملکیت اور کسی دوسرے وسائل کے کنٹرول کو سوچ سمجھ کر سنبھالنا ہمارے ملک کے مفاد میں ہے، اسی طرح ہماری قوم کو ہماری خوشحالی کے لیے ڈیجیٹل اثاثوں کی طاقت کو محدود نہیں بلکہ استعمال کرنا چاہیے۔"
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کاایگزیکٹو آرڈر، بٹ کوائن سمیت 5کرپٹو کرنسیز کو پر لگ گئے
یہ اعلان کرپٹو سمٹ کے موقع پر سامنے آیا ہے ٹرمپ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں کرپٹو انڈسٹری رہنماؤں کے ساتھ بڑی بیٹھک کرنے جارہے ہیں جس میں اہم فیصلے ہوسکتے ہیں ۔
کرپٹو کرنسی اور مصنوعی ذہانت کے لیے وائٹ ہاؤس کے زار ڈیوڈ سیکس نے X پر پوسٹ کیا کہ امریکا کے پاس تقریباً 2 لاکھ بٹ کوائن ہیں لیکن "کبھی مکمل آڈٹ نہیں ہوا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ آرڈر میں "وفاقی حکومت کے ڈیجیٹل اثاثہ جات کی مکمل اکاؤنٹنگ" کی ضرورت ہے۔
ایس او پی کے مطابق ڈیجیٹل ریزرو میں بٹ کوائن امریکی محکمہ خزانہ کے پاس موجود اثاثوں سے آئے گا جو عدالتی کارروائی میں ضبط کیے گئے یا ایگزیکٹو ایجنسیوں کو دیوانی جرمانے میں ادا کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی جیت پر کرپٹو مارکیٹ میں طوفان، بٹ کوائن نے اپنے گزشتہ ریکارڈ توڑ ڈالے
ڈیجیٹل زار ڈیوڈ ساکس نے ریزرو کو " کرپٹو کرنسی کے لیے ایک ڈیجیٹل فورٹ ناکس" کہا۔ ایگزیکٹو آرڈر بٹ کوائن کو " ڈیجیٹل گولڈ" کے طور پر بیان کرتا ہے۔ ڈیجیٹل اثاثوں کا ذخیرہ بھی عدالتی کارروائی میں ضبط کیے گئے اثاثوں سے آئے گا۔
ایگزیکٹو آرڈر میں محکمہ خزانہ اور تجارت کے وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضافی بٹ کوائن کے حصول کے لیے "حکمت عملی" اور پالیسیاں تشکیل دیں جو ’’ بجٹ نیوٹرل ’’ اور امریکی ٹیکس دہندگان پر بوجھ نہ بنیں۔
فورٹ ناکس کیا ہے؟
فورٹ ناکس میں امریکا کے آدھے سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھے جاتے ہیں، اپنی سیکیورٹی اور انفرااسٹرکچر کی بناء پر اسے کرہ ارض کی سب سے محفوظ جگہ مانا جاتا ہے۔
عمارت کے قریب جانا تو دور کی بات ہے، اس احاطے کے قریب بھی جانے کا کوئی نہیں سوچ سکتا۔
اس عمارت کا اصل نام 'یونائیٹڈ اسٹیسٹس بلین ڈیپوزٹری' ہے، عمارت کے چاروں طرف اسٹیل کا احاطہ بنا ہوا ہے۔
یوایس ٹریزری کے مطابق عمارت کنکریٹ، گرینائٹ اور اسٹیل سے بنی ہوئی ہے تاکہ اس پر کسی بھی قسم کی بیرونی دراندازی نا ہو سکے۔
اس عمارت کے ارد گرد زیر زمین بارودی سرنگیں بچھی ہوئی ہیں اور بجلی کے کرنٹ والی باڑ بھی موجود ہے۔
لیزر کی لائن پر پاؤں پڑتے ہی خودکار مشین گنز چلنا شروع ہوجائیں گی جب کہ جس علاقے میں یہ عمارت موجود ہے اس کی نگرانی سیٹیلائٹ کے ذریعے 24 گھنٹے کی جاتی ہے۔
فورٹ ناکس کا اپنا ہنگامی بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ اور پانی کا نظام ہے، فورٹ ناکس کا شمار ان عمارتوں میں بھی ہوتا ہے جہاں کسی بھی قسم کا وزٹ نہیں کیا جا سکتا۔
والٹ کا ڈور اسٹیل اور کنکریٹ کا بنا ہوا ہے اور اس کا وزن ہی 20 ٹن سے زیادہ ہے۔اس دروازے کے لاک کمبینیشن سے صرف چند ملازمین ہی آگاہ ہیں اور وہ ایک دوسرے کے سامنے بھی ان کمبی نیشنز کا استعمال نہیں کرتے۔