ویب ڈیسک: ٹیسلا (Tesla) کے بانی اور سی ای او ایلون مسک کو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا کارپوریٹ تنخواہی پیکیج مل گیا، جس کی منظوری کمپنی کے 75 فیصد شیئر ہولڈرز نے بھاری اکثریت سے دے دی۔اس منظوری کے بعد ایلون مسک کی مجموعی تنخواہ اور مراعات کی مالیت ایک کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ہونے والے ٹیسلا کے سالانہ اجلاس میں ایلون مسک روبوٹس کے ساتھ پرجوش انداز میں اسٹیج پر آئے اور کہا“ہم صرف ٹیسلا کا نیا باب نہیں، بلکہ ایک نئی کتاب شروع کرنے جا رہے ہیں۔”
— Elon Musk (@elonmusk) November 7, 2025
یہ تاریخی فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک، ٹیسلا کو محض ایک الیکٹرک کار ساز کمپنی سے مصنوعی ذہانت (AI) اور روبوٹکس کی عالمی طاقت میں بدلنے کے مشن پر ہیں۔
بورڈ کا انتباہ: “تنخواہ نہ ملی تو مسک کمپنی چھوڑ سکتے ہیں”
ٹیسلا کے بورڈ نے واضح کیا تھا کہ اگر مسک کو یہ پیکیج نہ ملا تو وہ کمپنی سے علیحدہ ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ کچھ سرمایہ کاروں نے اسے “غیر ضروری اور مہنگا” قرار دیا، تاہم اکثریت نے اس اقدام کو طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری سمجھا۔
ایلون مسک کے آئندہ منصوبے
ایلون مسک نے اعلان کیا کہ آئندہ برسوں میں ٹیسلا کی توجہ خودکار گاڑیوں، روبوٹیکسی نیٹ ورک اور ہیومنائیڈ روبوٹس پر مرکوز ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اپریل سے دو نشستوں والی “ سائبر کیب” روبوٹیکسی کی پیداوار شروع کی جائے گی، جبکہ نیا روڈسٹر اسپورٹس کار بھی متعارف کرائی جائے گی۔
پیکیج کی تفصیلات
نئے پیکیج کے تحت ایلون مسک کو آئندہ 10 سالوں میں ٹیسلا کے 12 فیصد شیئرز دیے جائیں گے، جن کی موجودہ مالیت تقریباً 1 کھرب ڈالر بنتی ہے۔
عملاً یہ رقم 878 ارب ڈالر کے قریب ہوگی کیونکہ اس میں موجودہ شیئر ویلیو منہا کی جائے گی۔
ایلون مسک کو ہر مقررہ ہدف حاصل کرنے پر کمپنی کے 1 فیصد شیئرز ملیں گے۔ اگر وہ تمام اہداف مکمل کر لیتے ہیں تو پورا پیکیج اُن کے نام ہوگا۔
اہم اہداف میں شامل ہیں:
سالانہ 20 ملین گاڑیوں کی ترسیل
1 ملین روبوٹیکسیز کا نیٹ ورک
1 ملین ہیومنائیڈ روبوٹس کی فروخت
400 ارب ڈالر کا خالص منافع
کمپنی کی مجموعی مالیت کو 2 کھرب سے بڑھا کر 8.5 کھرب ڈالر تک لے جانا۔
سرمایہ کاروں کے خدشات
کچھ بڑے سرمایہ کاروں بشمول ناروے کے خودمختار فنڈ اور ایڈوائزری فرمز Glass Lewis و ISS نے پیکیج کی مخالفت کی، تاہم بیشتر شیئر ہولڈرز نے اس اقدام کو طویل مدتی فائدے کا ضامن قرار دیا۔
Tesla Annual meeting starting now
— Elon Musk (@elonmusk) November 6, 2025
https://t.co/j1KHf3k6ch
ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI میں سرمایہ کاری کی بھی منظوری دے دی، جبکہ کچھ سرمایہ کاروں نے شفافیت کے تقاضوں کے پیش نظر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اجلاس کے اختتام پر ایلون مسک نے ہنستے ہوئے کہا “دوسری کمپنیوں کے اجلاس نیند لے آتے ہیں، مگر ہمارا تو زبردست شو ہے۔ دیکھو، یہ سب کچھ کتنا شاندار ہے!”