(ویب ڈیسک ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ پاکستان مذاکرات میں ثالثی پر ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہے۔پاکستان اپنے اصولی موقوف پر قائم ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دوحہ امن معاہدے ۲۰۲۱ کے مطابق اپنے بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ وعدوں کی تکمیل میں اب تک ناکام رہا ہے۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ افغان عوام سے خیر سگالی کا جذبہ رکھتا ہے اور ان کے لیے ایک پر امن مستقبل کا خواہش مند ہے ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان حکومت کے ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا پڑوسی ممالک کے مفاد میں نہ ہوں۔ پاکستان اپنی عوام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔