برازیل میں دنیا کی سب سے بڑی مچھر فیکٹری کا افتتاح

برازیل میں دنیا کی سب سے بڑی مچھر فیکٹری کا افتتاح

(ویب ڈیسک ) ڈینگی بخار کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوششوں کے تحت، برازیل نے حال ہی میں دنیا کی سب سے بڑی مچھر فیکٹری کا افتتاح کیا ہے، جو ہر ہفتے تقریباً 19 کروڑ مچھر پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ فیکٹری برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر کیمپیناس میں 1300 مربع میٹر پر قائم ہے، جہاں عملہ دن رات محنت کرتا ہے تاکہ لاکھوں مچھر بالغ ہوکر افزائش نسل کے قابل ہو جائیں۔ بظاہر یہ کسی ڈراؤنے خواب جیسا لگتا ہے، مگر درحقیقت یہ ڈینگی وائرس کے خلاف ایک سائنسی اور مؤثر طریقہ کار کا حصہ ہے۔

فیکٹری میں پیدا کیے جانے والے Aedes aegypti مچھروں کو Wolbachia نامی بیکٹیریا سے متاثر کیا جاتا ہے، جو ڈینگی وائرس کو ان کے جسم میں نشوونما پانے سے روکتا ہے، یوں یہ وائرس انسانوں تک منتقل نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ جب یہ مچھر افزائش کرتے ہیں تو یہ بیکٹیریا ان کی نسل میں بھی منتقل ہو جاتا ہے۔

فیکٹری میں مچھر پیدا کرنے کا عمل پانی سے بھرے ہزاروں ٹرے میں شروع ہوتا ہے، جہاں مخصوص درجہ حرارت پر لاروا تیار کیا جاتا ہے۔ جب یہ مچھر بن جاتے ہیں تو انہیں پنجرے میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ نر مچھروں کو شکر ملا محلول اور مادہ مچھروں کو جانوروں کے خون سے تیار کیے گئے تھیلے دیے جاتے ہیں، جو انسانی جلد کی ساخت کی نقل کرتے ہیں۔

مچھر تقریباً چار ہفتے پنجرے میں گزارتے ہیں اور اس دوران وہ افزائش نسل کرتے ہیں اور انڈے دیتے ہیں۔

Wolbachia طریقہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کامیابی سے استعمال ہو چکا ہے، لیکن برازیل اس منصوبے کو پہلے سے کہیں بڑے پیمانے پر نافذ کرنا چاہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں ڈینگی انفیکشن ہر سال خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ 2024 میں برازیل نے ڈینگی کی تاریخ کا بدترین پھیلاؤ دیکھا، جہاں دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کا 80 فیصد صرف برازیل میں تھا۔

 

یہ مچھر فیکٹری ہر ہفتے 19 کروڑ مچھر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو ایک سال میں 10 کروڑ افراد کو ڈینگی سے بچانے کے لیے کافی ہیں۔

Watch Live Public News