ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو انڈا مارنے کی عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح کی جیل مریم نواز نے کاٹی ہے عمران خان 15 دن بھی نہیں کاٹ سکتے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ خان صاحب کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی توہین کو قابل مذمت اور ناقابل برداشت عمل قرار دیا تھا۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہمارے ہاں خواتین کی حرمت اور سماجی رواداری پر پورا معاشرتی نظام قائم ہے۔ اس جارحیت سے صرف علیمہ خان ہی متاثر نہیں ہوئی بلکہ پورے سماج کی حرمت پامال ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم نے نواز شریف پر جوتا اچھالنے ،خواجہ آصف پہ سیاہی پھیکنے اور احسن اقبال کو گولی مارنے کی مذمت کی تھی اسی طرح علیمہ خان کی بے حرمتی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کو انڈا مارا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے انڈا مارنے والی خاتون کو گھیر لیا، پولیس بیچ بچاؤ کی کوشش کرتی رہی۔ بعد میں پولیس نے انڈا مارنے والی 2 خواتین کو حراست میں لے لیا۔