پاکستان آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں ، اسحاق ڈار

پاکستان آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں ، اسحاق ڈار
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ مجھے آئی ایم ایف نے منع کر دیا ہے ، مجھے آئی ایم ایف منع نہیں کر سکتا ہے ، پاکستان ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کی اہم ذمہ داری پیسوں کے حوالے سے ہے، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے دینے کا کہا ہے ، سپریم کورٹ کی طفر سے وفاقی حکومت کو رقم فراہم کرنے کیلئے 10 اپریل کی مہلت دی گئی ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ 11 اپریل تک پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں آئینی بحران کی کیفیت ہے، بحیثیت قوم ہم ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کے کہنے پر ہی میں نے دورہ امریکا ملتوی کر دیا ہے ، ملکی حالات کے پیش نظر واشنگٹن میں میٹنگز میں ورچوئل شرکت کروں گا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ آج سحری سے پہلے ہی روانہ ہوکر کل امریکا پہنچنا تھا ، پرسوں سے ورلڈ بینک سے اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی لیکن آئی ایم ایف اجلاس سے متعلق میڈیا پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں ، آئی ایم ایف کی اپریل میں اسپرنگز اور سالانہ میٹنگز ہوتی ہیں۔ وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ اہم قومی معاملات پر لوز ٹاک اور لوز تجزیہ مناسب نہیں ہے ، کوئی کہہ رہا ہے کہ مجھے آئی ایم ایف نے منع کر دیا ہے ، مجھے آئی ایم ایف منع نہیں کر سکتا ہے ، پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے بھکاری نہیں ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔