ویب ڈیسک: عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کا فائدہ وزیراعظم نے عوام کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کااشارہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پہلے بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا ہے۔ اب بھی جو بڑی کمی آرہی ہے۔ اس کا بھرپور فائدہ عوام کو پہنچائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ مختلف تجاویز پر کام کیا جارہا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اصلاحات پر آئندہ مہینوں میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس کام کررہی ہے۔ جو آبی تجارت کے فروغ کیلئےاصلاحات پر کام کررہی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت سمندری وسائل اور ان تک رسائی سے وابستہ ہے، بندرگاہوں کو مسابقتی بنانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظرثانی کی جائے، ریڈ اور یلو چینلز میں کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کنٹینرز کی بندرگاہوں پر موجودگی کا دورانیہ کم کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید 2 سے 3 فیصد کمی ہوگئی ہے۔