ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ملک کے کئی حصوں میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے، کیونکہ متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد سیلابی پانی کے خطرے سے ہوشیار رہیں۔
ادھر کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان بھی ہے۔ ساحلی علاقوں میں سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دریاؤں میں اس وقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 62 فیصد تک بھر چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے ریسکیو اداروں کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔