ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات
— Rashid Nasrullah (@RashidNasrulah) August 8, 2025
باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال pic.twitter.com/sWYGj4ITIc
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ایک روز قبل یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وزیر دفاع نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم بعد میں انہوں نے اس کی تردید کر دی۔
استعفے کی قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب خواجہ آصف نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ پاکستان کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید چکی ہے اور شہریت حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے بیوروکریسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ "مگرمچھ" اربوں روپے کھا کر ریٹائرمنٹ کے بعد آرام سے زندگی گزارتے ہیں، جبکہ سیاستدان ان کا "بچا کھچا" کھاتے ہیں اور بیوروکریسی پاک سرزمین کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیر دفاع ایک کرپشن کیس میں گرفتار اے ڈی سی آر کی رہائی چاہتے ہیں، لیکن اس میں کامیابی نہ ملنے پر انہوں نے وزیراعظم کو استعفیٰ پیش کیا، جو منظور نہیں کیا گیا۔