چینی شہری کو دھوکہ، 300 سال کی جم ممبرشپ خرید لی 

چینی شہری کو دھوکہ، 300 سال کی جم ممبرشپ خرید لی 

(ویب ڈیسک )علی رضا: چین کے شہر ہانگژو میں ایک شخص کو مقامی جم نے دھوکہ دے کر 300 سال کی جم رکنیت اور پرائیویٹ کلاسز کے نام پر 8 لاکھ 70 ہزار یوآن (تقریباً 1 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر) سے زائد رقم وصول کرلی۔

چینی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص، جنہیں صرف " جن" کے نام سے پہچانا گیا، پچھلے تین سال سے رانیان فٹنس جم کا باقاعدہ ممبر تھا۔ ایک دن جم کے سیلز پرسن نے ان سے رابطہ کیا اور ایک "ناقابلِ یقین" آفر پیش کی۔

وفادار ممبرز کے لیے ایک خصوصی اسکیم، جس کے تحت وہ سستے نرخوں پر طویل المدتی رکنیت خرید کر انہیں نئے ممبران کو دگنے داموں بیچ سکتے تھے۔

جن کا کہنا تھا، "انہوں نے مجھے 8,888 یوآن میں ایک کارڈ بیچنے کی آفر دی اور کہا کہ یہ 16,666 یوآن میں آگے فروخت ہوگا، جس پر صرف 10 فیصد کمیشن کاٹا جائے گا۔" سیلز پرسن نے انہیں یہ بھی یقین دہانی کروائی کہ اگر یہ کارڈ 2 ماہ میں فروخت نہ ہوا، تو پوری رقم واپس کر دی جائے گی۔

کچھ دن بعد جب جن نے 1 سالہ رکنیت خرید لی تو سیلز پرسن دوبارہ آیا اور بتایا کہ مزید کچھ "پروموشنل" کارڈز دستیاب ہیں اور یہ نفع کمانے کا سنہری موقع ہے۔ جن نے مزید 1,30,000 یوآن (تقریباً 18 ہزار ڈالر) خرچ کر ڈالے۔ اس کے بعد انہیں رانیان فٹنس کے مینیجر سے ملوایا گیا، جنہوں نے ان کی "کاروباری سمجھ بوجھ" کی تعریف کی اور ایک اور پرکشش سرمایہ کاری منصوبہ پیش کیا۔

یہ سب کچھ آخرکار ایک بڑے دھوکے کی شکل اختیار کر گیا، کیونکہ کوئی رکنیت فروخت نہ ہوئی، نہ ہی کوئی رقم واپس ملی۔

"10 مئی سے 9 جولائی کے درمیان، میں نے رانین فٹنس سے تقریباً 1,200 کلاسز اور 300 سالانہ ممبرشپس خریدیں، جن پر میرا کل خرچ 871,273.27 یوان ہوا،" جن نے بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بدلے میں صرف 26 موٹے معاہدے ملے جن میں واضح طور پر لکھا تھا کہ " ممبرشپ کی سہولیات قابلِ منتقلی نہیں ہیں۔"

جب جولائی کے وسط میں جن کی ریفنڈ کی تاریخ آئی تو رانین فٹنس کا سیلز کلرک، اسٹور مینیجر اور مالک تینوں غائب ہو چکے تھے اور ان کے فون بند ہو چکے تھے۔ جن کو اپنی رقم کا ایک پیسہ بھی واپس نہ ملا اور وہ اب 300 سال کی جم ممبرشپ اور 1,200 پرائیویٹ کلاسز کے ساتھ پھنس چکے ہیں۔

مسٹر جن نے احساس ہونے پر کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں، ہانگژو پولیس سے رابطہ کیا اور اب انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے تاکہ اپنی کچھ رقم واپس حاصل کی جا سکے۔ تاہم، وکلاء نے خبردار کیا ہے کہ یہ ایک مشکل عمل ہوگا کیونکہ نہ صرف ملزمان غائب ہیں بلکہ جن نے ایسا معاہدہ بھی دستخط کیا ہے جس میں غیر منتقلی ممبرشپ خریدنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر