ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دراندازی کا سامنا ہے، جو ملکی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں رہ جانے والے ہتھیار پاکستان پر حملوں میں استعمال ہو رہے ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان اس کا شکار ہے۔
عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔ انہوں نے القاعدہ، الخوارج، ٹی ٹی پی اور بلوچ علیحدگی پسندوں کو افغانستان میں اب بھی سرگرم قرار دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات میں بھی دونوں ممالک نے دہشت گردی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات میں پاکستان نے افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اقدامات پر زور دیا، اور کہا کہ یہ گروہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ مذاکرات میں تجارت اور ٹرانزٹ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔