(ویب ڈیسک )اٹلی کے میلان برگامو ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص جہاز کے انجن میں پھنس کر ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے پیش آیا، جس کے بعد ایئرپورٹ پر تقریباً دو گھنٹے تک پروازیں معطل رہیں۔ اطلاعات کے مطابق، متوفی کی عمر تقریباً 35 سال تھی اور وہ میلان کا مقامی رہائشی لگتا ہے۔
مذکورہ شخص بغیر ٹکٹ ایئرپورٹ میں داخل ہوا اور سیکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے بیگیج ایریا سے گزر کر براہ راست رن وے تک پہنچ گیا، جہاں ہسپانوی ایئرلائن "وولوٹیا" کا طیارہ ٹیک آف کی تیاری کر رہا تھا۔
بارڈر پولیس کے دو اہلکار اس شخص کے پیچھے تھے، لیکن وہ اسے طیارے کے قریب جانے سے نہ روک سکے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ایک شخص کو حکام سے بچ کر بھاگتے اور جہاز کی جانب لپکتے ہوئے دیکھا۔وہ شخص پہلے جہاز کے دائیں طرف انجن کے قریب پہنچا، پھر بائیں طرف گیا اور وہاں چھلانگ لگائی یا پھر انجن کی طاقت کی وجہ سے کھنچ کر اندر چلا گیا، جس کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ وہ نہ تو ایئرپورٹ کا ملازم تھا اور نہ ہی کسی فلائٹ کا مسافر تھا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ شخص خودکشی کے ارادے سے ایئرپورٹ میں داخل ہوا کیونکہ وہ اپنی گاڑی باہر چھوڑ کر اندر آیا تھا۔