بنوں:طاؤس خیل قبیلے کا جرگہ، فتنہ الخوراج کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ

بنوں:طاؤس خیل قبیلے کا جرگہ، فتنہ الخوراج کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ
کیپشن: بنوں:طاؤس خیل قبیلے کا جرگہ، فتنہ الخوراج کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ

ویب ڈیسک: بنوں کے علاقے کم چشمی میں طاؤس خیل قبیلے کی جانب سے ایک اہم جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے میں قیامِ امن اور فتنہ الخوراج گروہ کی ممکنہ سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ بنوں پولیس اسٹیشن ڈومیل کے علاقے کم چشمی میں 7 جون کو اہم جرگے کا انعقاد کیا گیا، جرگے میں طاؤس خیل قبیلے کے تقریباً 280 سے 300 مقامی افراد نے شرکت کی،جرگے کا مقصد علاقے میں فتنہ الخوراج گروہ کی موجودگی کی اطلاعات پر امن و امان کی صورتحال کو زیرغور لانا تھا، جرگے میں ممتاز مقامی رہنماؤں ملک توانی، ملک ناصر اور فرید خان نے بھی شرکت کی۔

جرگے میں اہم نکات پر فیصلہ کیا گیا کہ کم چشمی علاقے کی حفاظت کیلئے 30 سے 40 افراد پر مشتمل ایک مقامی کمیٹی بنائی جائے گی۔

ذرائع کا کہناہےکہ کمیٹی کو مقامی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے ساتھ تعاون فراہم کیا جائے گا۔

جرگہ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مقامی بزرگ ان گھروں کا دورہ کریں گے جہاں فتنہ الخوراج  گروہوں سے تعلق رکھنے یا ان کے لیے ہمدردی رکھنے والوں کا شبہ ہے،ایسے افراد کو سختی سے متنبہ کیا جائے گا کہ وہ باز نہ آئے تو انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جائےگا،اگر فتنہ الخوراج  یا ان کے گروہ کو کم چشمی کے علاقے میں دیکھا گیا تو لاؤڈ اسپیکر پر اعلان کیا جائے گا،مقامی افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان عناصر کی گرفتاری میں اپنا کردار ادا کریں۔

ذرائع کا کہناہے کہ مقامی افراد نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے،دہشت گردی یا غیر قانونی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  جرگے کا یہ متفقہ لائحہ عمل علاقائی امن کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News