ویب ڈیسک: بالی وڈ کے مشہور اداکار عامر خان کی نئی فلم ستارے زمین پر اپنی منفرد کہانی کی وجہ سے پہلے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، تاہم اب فلم کے حوالے سے ایک دلچسپ انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی 91 سالہ والدہ زینت حسین پہلی بار کسی فلم میں نظر آئیں گی۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ اپنی نئی فلم کے ایک شادی کے گانے میں بطور مہمان شامل ہوں گی۔
ایک انٹرویو میں عامر خان نے واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ نے ایک دن غیر متوقع طور پر شوٹنگ سیٹ پر آنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر انہوں نے فوری طور پر گاڑی بھجوائی اور ان کی بہن نکہت خان انہیں لے کر آئیں۔
عامر کے مطابق جب ان کی والدہ سیٹ پر پہنچیں تو شادی کے گانے کی شوٹنگ ہو رہی تھی، جس کا ماحول بہت خوشگوار تھا۔ فلم کے ڈائریکٹر آر ایس پرسانا نے موقع کی مناسبت سے عامر سے درخواست کی کہ اگر ممکن ہو تو ان کی والدہ کو بھی سین میں شامل کیا جائے۔
عامر خان نے پہلے تو جھجکتے ہوئے جواب دیا کہ وہ اپنی والدہ سے ایسا کچھ کہنے کی ہمت نہیں رکھتے، لیکن جب ہمت کر کے پوچھا تو والدہ نے بخوشی رضامندی ظاہر کی، جس پر عامر خود بھی حیران رہ گئے۔
یوں ستارے زمین پر وہ واحد فلم بن گئی جس میں عامر خان کی والدہ نے بطور مہمان فنکار شرکت کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر کی بہن نکہت خان بھی فلم میں ایک کردار ادا کر رہی ہیں، اور یہ پہلا موقع ہے جب عامر اور ان کی بہن ایک ساتھ کسی فلم میں کام کر رہے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ اُن کے لیے یہ فلم اس لیے بھی خاص ہے کہ اس میں ان کی والدہ اور بہن دونوں شریک ہیں، اور اُنہیں یقین ہے کہ یہ تجربہ ان کے کیریئر کا ایک یادگار لمحہ بن جائے گا۔
واضح رہے کہ فلم ستارے زمین پر جون کے وسط میں ریلیز کی جائے گی، اور مداح اب نہ صرف فلم کی کہانی بلکہ عامر خان کی فیملی کو اسکرین پر دیکھنے کے لیے بھی بے تاب ہیں۔