ویب ڈیسک: بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے،کئی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیزی سے 1000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ابھیشیک شرما نے یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران قائم کیا، میچ بعد میں موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ تاہم بھارت نے 2-1 سے سیریز اپنے نام کر لی۔
میچ کے دوران بھارت نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف 4.5 اوورز میں 52 رنز بغیر کسی نقصان کے بنا لیے تھے، اسی دوران اچانک آسمانی بجلی اور تیز بارش نے کھیل روک دیا۔
ابھیشیک شرما اس وقت 13 گیندوں پر 23 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلوی کھلاڑیوں نےاس اننگز میں ابھیشیک شرما کےدو مرتبہ کیچ ڈراپ کئے۔
1000 رنز کا سنگ میل ابھیشیک نے صرف 528 گیندوں میں عبور کیا، انہوں نے آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 569 گیندوں میں 1000 رنز مکمل کیے تھے۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اب اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 573 گیندوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔