ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور نیا ریکارڈ قائم، 100 انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔ 100 انڈیکس 1700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 156080 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اسٹاک ایکسچینج ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان، کہا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی سطح عبور کرنا، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی ترقی کا سفر معاشی ٹیم کی محنت کی وجہ سے جاری و ساری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں چین کے نجی شعبے کے ساتھ پاکستان کی نجی کمپنیوں کے اربوں ڈالر کے معاہدے و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے سے صنعتیں لگیں گی، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ ملکی معاشی سمت کی بہتری اور ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کیلئے معاشی ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔