علیمہ خان، نعیم حیدر پنجوتھہ اور دیگر افراد کیخلاف مقدمہ درج

علیمہ خان، نعیم حیدر پنجوتھہ اور دیگر افراد کیخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل کے باہر صحافی طیب بلوچ پر حملے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں علیمہ خان، نعیم حیدر پنجوتھہ اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506، 147، 149، 382 اور 427 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا گیا کہ علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنما نعیم پنجوتھہ نے للکار کر کہا کہ اسے علیمہ خان سے جائیدادوں سے متعلق سوال کرنے کا مزا چکھاؤ۔ اس کے بعد تنویر اسلم، ظفر اور ٹوما نے صحافی کو دبوچ کر زمین پر گرایا، جبکہ دیگر افراد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

درخواست کے مطابق یہ حملہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔ واقعے کے بعد صحافیوں اور کیمرہ مینوں نے طیب بلوچ کو بچانے کی کوشش کی، تاہم اعجاز احمد سمیت دیگر صحافیوں کو بھی دھکے دیے گئے اور گالم گلوچ کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا ایکس پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’’ صحافی طیب بلوچ کو صرف اور صرف اختلاف رائے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو کہ نا قابل قبول ہے۔ سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جب دلیل نہ ہو تو تشدد کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے۔ یہ ہے ان کی سوچ جو عدم برداشت پر مبنی ہے۔ ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہوں اور اس کیس میں بھی بھرپور ساتھ دوں گا۔

Watch Live Public News