اداکار راہول رائے کا فالج کے بعد شادیوں میں رقص کرکے پیسے کمانے کا انکشاف

اداکار راہول رائے کا فالج کے بعد شادیوں میں رقص کرکے پیسے کمانے کا انکشاف
کیپشن: اداکار راہول رائے کا فالج کے بعد شادیوں میں رقص کرکے پیسے کمانے کا انکشاف

ویب ڈیسک: بھارتی اداکار اور بگ باس سیزن ون کے فاتح راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے تک کما لیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے راہول رائے نے شادیوں میں رقص کرنے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پر کوئی شرمندگی نہیں، کیونکہ انہیں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔

اداکار کے مطابق 2020 میں فالج کا شکار ہونے کے بعد ان کے لیے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا اور اس کے اثرات ان کے کیریئر پر بھی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صحتیابی کے دوران وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے جو کام کرسکتے تھے، کرتے رہے۔

راہول رائے نے کہا کہ ٹرول کرنے والے لوگ ان کے مالی حالات سے واقف نہیں، تاہم وہ 60 سال کی عمر میں اپنی مالی اور پیشہ ورانہ زندگی دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اداکار نے گفتگو کے دوران اپنے بھائی کے ساتھ 30 لاکھ بھارتی روپے کے مبینہ قانونی تنازع اور طلاق کے بعد مالی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق علیحدگی کے دوران انہوں نے اپنے اثاثے اہلیہ کے نام منتقل کردیے تھے اور اب وہ دوبارہ اپنے مالی حالات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News