شادی کی تقریب میں نوٹ برسانے پر دلہے کو 6 ماہ قید کی سزا 

شادی کی تقریب میں نوٹ برسانے پر دلہے کو 6 ماہ قید کی سزا 
کیپشن: شادی کی تقریب میں نوٹ برسانے پر دلہے کو 6 ماہ قید کی سزا 

ویب ڈیسک: شادی بیاہ کی تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنا خوشی کا اظہار سمجھا جاتا ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس عمل پر ایک دلہا 6 ماہ کیلئے جیل یاترا پر جا چکا ہے؟

تفصیلات کے مطابق یہ ناقابل یقین واقعہ نائیجیریا میں پیش آیا ہے۔ جہاں ایک میک اپ آرٹسٹ کو اپنی شادی کی تقریب میں خوشی سے نوٹ نچھاور کرنے کے الزام میں جیل کی سزا سنادی گئی ہے۔ 

دلہے کی شناخت عبداللہ موسیٰ حسین کے نام سے ہوئی ہے جوکہ سوشل میڈیا پر "امسکیپ" کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی شادی کی تقریب گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی۔ جس میں انہوں نے ناچتے ہوئے نوٹ پھینکے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کے شمالی شہر کانو کی ایک اعلیٰ عدالت نے انہیں جرم قبول کرنے کے چند منٹ بعد ہی سزا سنادی۔

یاد رہے کہ نائیجیریا میں نوٹ نچھاور کرنے کو سپریئنگ کہا جاتا ہے جو کہ ایک روایت ہے تاہم نائیجیرین حکومت کا ماننا ہے کہ اس روایت سے ملکی کرنسی کی بےتوقیری ہوتی ہے۔ عدالت نے عبداللہ پر کرنسی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا ہے۔ انہیں سنٹرل بینک آف نائیجیریا ایکٹ 2007 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔ 

اس قانون کے تحت نائرا پر ناچنا، اسے پھینکنا یا اس پر چلنا جرم ہے۔ جس کی کم ازکم سزا 50 ہزار نائر (32 امریکی ڈالر) یا 6 ماہ قید یا دونوں ہیں۔ 

گزشتہ برس اسی قانون کے تحت ایک خواجہ سرا خاتون، جو "بوب رسکی" کے نام سے مشہور ہیں، اور اداکارہ الواداراسیمی اوموسین کو بھی چھ چھ ماہ قید کی سزا دی گئی تھی۔

Watch Live Public News