روزانہ پہنیں، مہینے بھر نہ دھوئیں! ایسی ٹی شرٹ متعارف 

روزانہ پہنیں، مہینے بھر نہ دھوئیں! ایسی ٹی شرٹ متعارف 

(ویب ڈیسک)امریکی کپڑوں کی کمپنی ہرکلیون( HercLeon) نے اپنی نئی HercShirt V5.0 متعارف کرائی ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے روزانہ پہننے کے باوجود ایک ماہ سے زائد عرصے تک دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی اور یہ بدبو سے پاک رہتی ہے۔

ہرکلیون (HercLeon)، جو چند سال قبل اپنی ’خودکار طور پر صاف ہونے والی‘ زیر جامہ لباس کے باعث بھی خبروں میں آ چکی ہے، نے اب اپنی HercShirt کی پانچویں جنریشن پیش کی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ جدید ٹی شرٹ مسلسل استعمال کے باوجود 30 دن سے زیادہ تک تازہ اور بدبو سے پاک رہ سکتی ہے۔

یہ دعویٰ خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں ناقابلِ یقین محسوس ہوتا ہے، جب پسینہ زیادہ آتا ہے، تاہم HercLeon کا کہنا ہے کہ اس نے ایسا فیبرک تیار کیا ہے جو طویل عرصے تک بدبو پیدا نہیں ہونے دیتا۔

کمپنی کے مطابق HercShirt V5.0 کے کپڑے میں 7 خصوصی اجزا شامل کیے گئے ہیں، جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو خفیہ اجزا شامل ہیں۔ ان اجزا کو صرف کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہِ راست فائبر میں بُنا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے، جبکہ زنک پسینے کے دوران پیدا ہونے والے تیز بو والے سلفر مرکبات کو بے اثر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ دوسری جانب آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بو کو جذب کرتی ہے اور ایک باریک ’اسفنج‘ کی طرح کام کرتی ہے۔

ہرکلیون  (HercLeon) کی کک اسٹارٹر( Kickstarter) مہم کے مطابق HercShirt V5.0 سخت استعمال کے باوجود ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک تازہ رہ سکتی ہے۔ چونکہ اسے بار بار دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی، اس لیے کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک چل سکتی ہے۔

اس ٹی شرٹ کی قیمت 79 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کم از کم 7 عام ٹی شرٹس سے زیادہ عرصے تک استعمال کی جا سکتی ہے، اس لیے طویل مدت میں یہ قیمت قابلِ قبول ثابت ہو سکتی ہے۔

HercShirt V5.0 کی شپمنٹ نومبر کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ ابتدائی طور پر یہ صرف سیاہ رنگ میں دستیاب ہوگی، تاہم ہرکلیون( HercLeon) نے مستقبل میں نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

قیمت

اگر 79 ڈالر کی قیمت آپ کو زیادہ لگتی ہے تو کمپنی کا ایک 39 ڈالر کا بجٹ ماڈل بھی موجود ہے، جو سخت استعمال کے دوران تقریباً 3 دن تک تازہ رہنے کا دعویٰ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک معیاری ماڈل بھی دستیاب ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے 14 دن تک دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

Watch Live Public News