ویب ڈیسک: آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے اہم مالی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) پروگرام کے دوسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگرام کے پہلے جائزے کی منظوری دے دی ہے۔
آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان منظوریوں کے بعد پاکستان کو تقریباً 1 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی، جبکہ 20 کروڑ ڈالر تک اضافی فنڈنگ کی رسائی بھی ممکن ہو جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں برس تباہ کن سیلاب کے باوجود حکومت پاکستان نے بہتر معاشی کارکردگی دکھائی، جس سے مالیاتی نظم و ضبط اور بیرونی کھاتوں میں استحکام برقرار رہا۔
آئی ایم ایف نے اپنی ترجیحات میں میکرو اکنامک استحکام، پبلک فنانس میں اصلاحات اور مسابقت میں اضافے کو بنیادی ستون قرار دیا ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان میں پیداواری صلاحیت بڑھانے، سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے، انسانی وسائل کی ترقی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
توانائی کے شعبے کی پائیداری، عوامی خدمات کی بہتری اور اصلاحاتی عمل کے تسلسل کو بھی آئی ایم ایف نے ضروری قرار دیا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان میں فوری ماحولیاتی اقدامات کی ضرورت اجاگر کی ہے، اور حکومت ماحولیاتی لچک بڑھانے کے لیے مختلف اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جن میں آئی ایم ایف کے آر ایس ایف پروگرام کے تحت معاونت بھی شامل ہے۔