ویب ڈیسک: لاہور میں پتنگ بازی، موسیقی، روایتی کھانوں اور رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ منایا جانے والا تین روزہ بسنت فیسٹیول حسین یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
تین روزہ جشن کے دوران شہر بھر میں بسنت کی بھرپور رونقیں دیکھنے کو ملیں، جہاں ہر عمر کے افراد تہوار کے رنگ میں رنگے نظر آئے۔ بسنت کے موقع پر بچے، جوان، بزرگ اور خواتین سبھی پتنگیں تھامے گھروں کی چھتوں پر موجود تھے۔
پیچے لڑانے، بوکاٹا کا شور، ڈھول کی تھاپ اور خوشیوں سے بھرپور ماحول نے لاہور کی فضا کو خوشیوں سے معطر کر دیا۔ مختلف مقامات پر دعوتوں اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں نے بھرپور انداز میں بسنت کی خوشیاں منائیں۔
بسنت کے آخری روز شائقینِ پتنگ بازی کے لیے وقت صبح پانچ بجے تک بڑھا دیا گیا، جس سے شہریوں میں مزید جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کی کامیابی کے بعد صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بسنت منانے کے امکان کا عندیہ دے دیا ہے۔