(ویب ڈیسک ) لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی بڑی کامیابی، آئی ٹی کے شعبے میں 5 اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کردیے۔
پاکستان نے آئی ٹی کے شعبے میں 5 اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کر دیے۔عالمی مارکیٹ سے آئی ٹی سیکٹر میں 1.55 ملین ڈالر کا فوری کاروبار متوقع ہے۔ لندن ٹیک ویک میں 300 سے زائد بین الاقوامی کاروباری روابط قائم ہوئے ۔
لندن ٹیک ویک سے متعلق پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ نے رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان پویلین میں ملک کی 14 بڑی ٹیک کمپنیاں شریک ہوئیں ، پویلین نے عالمی خریداروں، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تھنک ٹیک، تھنک پاکستان مہم نے لندن کی سڑکوں پر دھوم مچا دی، 50 بلیک کیبز پر پاکستان کی ٹیک برانڈنگ کی گئی، آکسفورڈ اسٹریٹ اور کینری وارف جیسے اہم مقامات پر ڈیجیٹل بورڈز لگائے گئے۔
پاکستانی وفد نے یو کے میں مقیم اہم ٹیک رہنماؤں، سرمایہ کاروں کیساتھ ملاقاتیں کیں، پاکستانی وفد نے ڈائاسپورا کاروباری شخصیات کے ساتھ بھی نجی ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے منعقدہ اجلاسوں میں بڑی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان شریک ہوئے،معروف برطانوی کمپنیوں کے سی ای اوز نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لندن ٹیک ویک میں وفد کو کامیاب شرکت پر مبارکباد دی۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹیک سفارتکاری کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، پاکستان اب دنیا کا ابھرتا ہوا ٹیک ڈیسٹینیشن ہے۔