(ویب ڈیسک ) کوٹلی حلقہ سہنسہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما و امیدوار اسمبلی راجہ افتخار پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
آزاد کشمیر میں الیکشن 2026 میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئی۔کوٹلی حلقہ سہنسہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما و امیدوار اسمبلی راجہ افتخار پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
راجہ افتخار نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ آصف کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر اامیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو عزت اور احترام دیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کشمیر اور پاکستان کے مضبوط رشتے پر مکمل یقین رکھتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،ٹکٹ صرف ایک امیدوار کو ملتا ہے، تمام کارکن پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے متحد رہیں۔
امیر مقام نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ اختلافات بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنائیں۔
امیر مقام نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، کارکن اخلاص کے ساتھ پارٹی کے لیے کام کریں،مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی،مانسہرہ تا مظفرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام جاری ہے،عوام کو سستی بجلی اور آٹے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ لازوال ہے، اسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا، کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے، پاکستان مخالف بیانیہ کسی صورت قبول نہیں، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اوورسیز کشمیری دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کا مثبت مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کریں، آزاد کشمیر کے انتخابات ہر صورت مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
راجہ افتخار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ان کے دل کے قریب جماعت رہی ہے، اسی لیے کارکنوں سمیت شمولیت اختیار کی، ماضی کی تمام سیاسی تلخیاں بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شامل ہوئے ہیں،ہزاروں ووٹروں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان کے نظریے کو ہر قیمت پر مضبوط رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے سہنسہ سے امیدوار راجہ آصف نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو پارٹی کے لیے بڑا سیاسی اضافہ قرار دیا۔
راجہ آصف نے کہا کہ تمام امیدواروں اور رہنماؤں نے پارٹی فیصلے کو کھلے دل سے قبول کیا،مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما متحد ہو کر انتخابی مہم چلائیں گے،مرحوم راجہ نصیر کے سیاسی مشن کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا،حلقے میں ترقی، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے۔