(ویب ڈیسک )انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے ایک اہم میچ میں پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے مخالف ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا۔
برمنگھم کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ڈربی شائر کے خلاف تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف ہیٹ ٹرک کی بلکہ مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
حسن علی نے محض 3.1 اوورز میں 23 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت ان کی ٹیم کو اہم فتح حاصل ہوئی۔ ان کی اس تباہ کن بولنگ نے شائقین کو خوب متاثر کیا اور میچ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔
یاد رہے کہ حسن علی نے حالیہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل ) 10 میں کراچی کنگز کی جانب سے عمدہ کارکردگی کے ذریعے کرکٹ میں زبردست واپسی کی تھی۔ انجری سے نجات کے بعد انہوں نے اپنی فارم اور فٹنس ثابت کرتے ہوئے قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنائی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کے موقع پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں حسن علی نے گرین شرٹ دوبارہ پہننے کو خواب کی تعبیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ " انجری کے بعد واپسی کا سفر آسان نہیں ہوتا، لیکن میرے لیے پاکستان کی نمائندگی دوبارہ کرنا ایک بڑا اعزاز ہے۔"
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کو انجری کے بعد ایک موقع چاہیے ہوتا ہے کہ وہ خود کو ثابت کرے، اور ان کے لیے یہ موقع پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے ساتھ آیا جہاں انہوں نے اپنی کارکردگی دکھا کر ٹیم میں کم بیک ممکن بنایا۔