9 مئی کے دلخراش سانحے پر  شہداء کے لواحقین کا اظہار خیال

9 مئی کے دلخراش سانحے پر  شہداء کے لواحقین کا اظہار خیال
کیپشن: The expression of the families of the martyrs on the heartbreaking tragedy of May 9

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی کو ایک سال پورا ہونے پر پاکستان کی عوام نے بھرپور مذمت کی اور واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعے پر شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی اور ان کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔

اس حوالے سے شہداء کے ورثاء نے اظہارخیال کیا ہے۔ والدہ، لیفٹینٹ کرنل افتخار احمد شہید کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 9 مئی کو جو المناک واقعہ ہوا وہ کسی کو بھولا نہیں اور اُس پر پورا پاکستان افسردہ ہے۔ 9 مئی کو شہداء کی جو تذلیل کی گئی وہ ہمارے دلوں کو ہر وقت دکھاتی ہے۔ یہ چند عناصر آج بھی ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ ان شرپسند عناصر کو ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں۔

والدہ، میجر جہانزیب عدنان شہید نے کہا کہ ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ہمیں ان افراد کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے جنہوں نے ان شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی۔

بیوہ، میجر یاسر شہید کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء نے اپنی جانیں سرزمین پاکستان کے دفاع میں قربان کیں جو شہداء کا ہم پر احسان ہے۔ جو قومیں اپنے محسنوں کی قدر نہیں کرتیں وہ تاریخ کے صفحات سے مٹ جاتی ہیں۔ 

والد، کیپٹن صغیر عباس شہید نے کہا کہ جن شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اُن کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ بیٹا، نائب صوبیدار صنوبر علی شہید کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جس طرح شہداء کی یادگاروں کی تذلیل کی گئی وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

بیوہ، سپاہی محمد یاسین شہید نے سوال کیا کہ کیا ہمارے شہداء نے یہ قربانیاں اس لیے دی تھیں کہ ان کی تذلیل اور بے حرمتی کی جائے؟ بیٹی، سپاہی محمد یاسین شہید کا کہنا تھا کہ میں شہید کی بیٹی ہونے کے ناطے حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ نو مئی میں ملوث افراد کو جلد سے جلد سزا دی جائے۔

بیٹا، حوالدار نظر حسین شہید نے بتایا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور جنہوں نے ان کی تصویروں کو جلایا ان کو نشان عبرت بنائیں۔ والد، سپاہی قاسم شہید نے کہا کہ شہداء کی عزت کرنا ہم پر فرض ہے اور ہم ان کی تصویروں کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے۔

Watch Live Public News