ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات موجود ہیں، تاہم پاکستان اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر فیصلہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے پبلک نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ہم کسی دباؤ یا افواہ کی بنیاد پر نہیں، بلکہ اپنے قومی مفادات کی روشنی میں ہی پالیسی اپنائیں گے۔"موجودہ کشیدہ صورتحال میں کئی بڑی طاقتیں اور دوست ممالک، بشمول سعودی عرب اور چین، کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے بھارت کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر جعلی واقعے کو بنیاد بنا کر کسی نئی کارروائی کی راہ نہ اپنائی جائے۔ ایسے معاملات کو قسطوں میں نہیں، بلکہ مکمل طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔