ویب ڈیسک: مصر کے علاقے شبرا الخیمہ میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جس میں موبائل فون کے چارجر کی شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے ایک پورے خاندان کی زندگی چھین لی۔
مقامی میڈیا کےمطابق باورچی خانے سے لگنے والی آگ نےچند منٹوں میں اپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث ماں، اس کی بہن اور چار بچے جان کی بازی ہار گئے، افسوس ناک واقعہ شبرا الخیمہ کے علاقے بیجا م میں پیش آیا۔
المناک حادثہ رونماں ہونے پر پڑوسیوں نے متعلقہ ادارے کو اطلاع دی جس پر سول ڈیفنس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آگ موبائل فون کے چارجر کی شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ صبح سات بجے لگی اور بچوں کی چیخیں سنائی دیں۔ پڑوسی پانی لے کر آگ بجھانے کی کوشش کرنے پہنچے مگر چند منٹوں میں ہی آگ نے پورے اپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اپارٹمنٹ کے دروازے پر موجود لوہے کے گیٹ نے بھی اندر داخل ہونے میں تاخیر پیدا کی، جس سے خاندان کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اپارٹمنٹ کے اندر ایک بچے کو روتے ہوئے دیکھا گیا، جو دھویں کی وجہ سے دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیگر افراد کی موت بھی دھویں اور شعلوں کے باعث ہوئی، حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بجلی کا شارٹ سرکٹ اور حفاظتی اقدامات کی کمی اس المناک حادثے کی بنیادی وجہ بنی ہے۔