معروف پروڈیوسر،ڈائریکٹر اطہروقارعظیم حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے

معروف پروڈیوسر،ڈائریکٹر اطہروقارعظیم حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے
کیپشن: معروف پروڈیوسر،ڈائریکٹر اطہروقارعظیم حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اطہر وقار عظیم کا 76 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا، ان کی تدفین منگل کو کراچی میں کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اطہر وقار عظیم نے کئی سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے انٹرویوز پروڈیوس کیے، انہوں نے متعدد شوبز شخصیات کے انٹرویوز بھی ترتیب دیے۔

بھارت کے خلاف شارجہ میں تاریخی کرکٹ میچ کی کوریج کی، ورلڈکپ کرکٹ 1987 سمیت ہاکی اور اسکواش کے متعدد کھیلوں کے ایونٹس کی کوریج کی۔

اطہر وقار عظیم ہم نیٹ ورک کے بانی اراکین میں شامل تھے، وہ ہم ٹی وی ، ہم مصالحہ اور ہم نیوز سمیت دیگر چینلز کی لانچنگ ٹیم میں شامل تھے جب کہ اطہر وقار عظیم پی ٹی وی میں ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز اور جنرل مینیجر کراچی سینٹر بھی رہے۔

اطہر وقار عظیم نے پسماندگان میں ایک بیٹا چھوڑا ہے، ان کی خدمات اور شوبز کی دنیا میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے پی ٹی وی نیوز کے سابق ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز اطہر وقار عظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطہر وقار عظیم کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا، 50 سال پر محیط اطہر وقار عظیم کا پیشہ ورانہ کیریئر آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطہر وقار عظیم کی پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Watch Live Public News