ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کرگئے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے شدید علیل تھے۔
حافظ محمد ادریس جماعت اسلامی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے نائب امیر کے علاوہ مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور جماعت اسلامی پنجاب کے امیر سمیت مختلف اہم ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔
وہ عالمِ دین، مقرر اور مصنف تھے اور قرآن، حدیث اور سیرتِ نبوی ﷺ سمیت دینی و فکری موضوعات پر متعدد کتب اور تحریریں لکھیں۔
حافظ محمد ادریس کا تعلق اسلامی جمعیت طلبہ سے بھی رہا اور انہوں نے طویل عرصے تک دینی و سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
ان کے انتقال پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت دیگر رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے مرحوم کی دینی و تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔