(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نےجاں بحق ہونے والے ملازمین کے خاندانوں کے لئے معاوضے میں اضافے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق گریڈ 1 سے 4 کے سول ملازمین کے خاندانوں کو 6 لاکھ، گریڈ 6 سے 10 کے ملازمین کے خاندانوں کو 9 لاکھ معاوضہ دیا جائے گا۔گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کے خاندانوں کو 12 لاکھ، گریڈ 16 اور 17 ملازمین کے خاندانوں کو 15 لاکھ معاوضہ ملے گا۔ اسی طرح گریڈ 18 اور 19 کے ملازمین کو 24 لاکھ جبکہ گریڈ 20 سے زائد کے ملازمین کے خاندانوں کو 30 لاکھ معاوضہ ملے گا۔
سیکیورٹی سے متعلقہ ملازمین کے مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے ملازمین کے خاندان کو دیا جانے والا پیکج مختلف ہو گا۔بم دھماکے، انکاؤنٹر یا کسی بغاوت سے نمٹنے کے دوران سیکیورٹی سے متعلقہ اداروں کے ملازمین کا پیکج مختلف ہو گا۔
سیکیورٹی سے متعلقہ گریڈ 1 سے 10 کے ملازمین کو 1 کروڑ، گریڈ 11 سے 15 ملازمین کو 1 کروڑ 25 لاکھ معاوضہ ادا کیا جائے گا۔سیکیورٹی سے متعلقہ گریڈ 16 اور 17 کے ملازمین کے خاندان کو ڈیڑھ کروڑ، گریڈ 20 سے زائد کے ملازمین کو 2 کروڑ معاوضہ ملے گا۔
اسی طرح دوران سروس معذوری کی بنیاد پر سروس چھوڑنے والے ملازمین کو 10 لاکھ روپے کی مزید ادائیگی کی جائے گی۔دوران سروس معذوری کے باوجود سروس پر بحال رہنے پر 2 لاکھ روپے تک کی ادائیگی کی جائے گی۔
دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کو مکمل تنخواہ اور متعین کردہ مراعات دی جائیں گی۔دوران سروس جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کو مفت تعلیم، رہائش اور پلاٹس بھی دئیے جائیں گے۔
سیکیورٹی اداروں کے ملازمین کو دوران سروس جاں بحق ہونے پر خاندان کو گھر کی تعمیر و مرمت، سفری اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی۔دوران سروس جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے حکومت 8 لاکھ ادائیگی کرےگی۔دوران سروس جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات بھی فراہم ہوں گی۔