ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے۔ اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ مظاہرین اسلام آباد آکر کئی روز تک بیٹھے رہیں۔حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستقل لائحہ عمل تیار کرے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اور پی ٹی آئی جس سمت میں جا رہی ہے، اس سے اسے اور اس کے کارکنوں کو نقصان ہوسکتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ ان کا چیک اپ گزشتہ رات بھی ہوا تھا اور اس حوالے سے تفصیلات بتانا ضروری نہیں۔
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی صورتحال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی منڈی کے حالات کے باعث مشکلات پیدا ہوئی ہیں، حکومت پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے پر پیش رفت جاری ہے اور اگر عوام کی مرضی ہوئی تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔