سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے دوران مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دو افسران اور 4 جوان شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ضلع چکوال، شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ مقابلے میں حصہ لیا اور جان کا نذرانہ پیش کیا۔

Watch Live Public News