ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے فتح علی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔