سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بڑا حکم دیدیا

سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بڑا حکم دیدیا
کیپشن: سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بڑا حکم دیدیا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ہدایت پر پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی رکن ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بانی کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جو پہلے ہی کوئی ضمنی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اتحادی بھی الیکشن میں نہیں جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا۔ معین قریشی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کو آج پولنگ میں حصہ نہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ٹی آئی ان نشستوں پر انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی جن پر ہمارے ارکان کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی ہال میں سینیٹ کی جنرل نشست کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو 9 مئی کے مقدمات میں سزا پانے والے سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور اپوزیشن جماعتوں کی متفقہ امیدوار سلمیٰ اعجاز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع تھا۔

ایک امیدوار کو منتخب ہونے کیلئے 180 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 229 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، اس کے بعد پیپلز پارٹی 16، مسلم لیگ (ق) 11، استحکام پارٹی 7، پی ٹی آئی 24، سنی اتحاد کونسل 73 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پنجاب اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 371 ہے تاہم پی ٹی آئی کے 6 ارکان کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے، میاں اسلم اقبال نے تاحال حلف نہیں اٹھایا اور پی پی 269 سے میاں علمدار عباس پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں۔

Watch Live Public News