پاکستان کی 39 اہم وزارتیں سائبر حملے کے نشانے پر، نیشنل سرٹ کا الرٹ جاری

پاکستان کی 39 اہم وزارتیں سائبر حملے کے نشانے پر، نیشنل سرٹ کا الرٹ جاری

(ویب ڈیسک ) پاکستان کی 39 کلیدی وزارتوں اور اداروں کو سائبر حملوں کے شدید خطرے پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ( نیشنل سرٹ) نے خبردار کرتے ہوئے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری کردہ انتباہی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’بلولاکر رینسم ویئر‘ کے ممکنہ سائبر حملے سے حساس ڈیٹا مستقل طور پر ضائع ہو سکتا ہے، کاروباری نظام مفلوج ہو سکتے ہیں اور اہم معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ مراسلہ سیکریٹری کابینہ، داخلہ، خارجہ، ڈی جی نیکٹا، ایف آئی اے، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی، پیمرا، ایف بی آر، اوگرا، این ڈی ایم اے، این آئی ٹی بی اور دیگر وفاقی وزارتوں و اداروں کو بھیجا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ بلولاکر رینسم ویئر خاص طور پر ونڈوز بیسڈ سسٹمز، لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ، سرورز، نیٹ ورکس اور کلاؤڈ اسٹوریج کو نشانہ بناتا ہے، اور فائلز کو لاک کرکے تاوان طلب کرتا ہے۔

نیشنل سرٹ نے متعلقہ اداروں کو مشکوک ای میلز اور لنکس سے محتاط رہنے، غیر مصدقہ ذرائع سے فائلز ڈاؤن لوڈ نہ کرنے اور سائبر سیکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید یہ کہ ملازمین کو سائبر حملوں سے بچاؤ اور مشتبہ سرگرمیوں کی شناخت سے متعلق فوری تربیت دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ نیشنل سرٹ نے زور دیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ واقعے کی صورت میں متاثرہ سسٹمز کو فوراً نیٹ ورک سے الگ کیا جائے اور رپورٹ کیا جائے۔

Watch Live Public News