آزاد کشمیر انتخابات: تیسرے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی شروع

آزاد کشمیر انتخابات: تیسرے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی شروع
کیپشن: آزاد کشمیر انتخابات: تیسرے مرحلے میں پولنگ کا آغاز

ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے  کی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا۔آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جو  شام 5 بجے تک جاری رہا۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی سامان گزشتہ شب پہنچا دیا گیا تھا۔

تیسرے مرحلے میں سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس سمیت موجودہ وزیراعظم فیصل راٹھور بھی انتخابی میدان میں ہیں۔

باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

پہلے دو مراحل کے نتائج
آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں میں سے 15 پر مسلم لیگ (ن) اور 6 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

پیپلز پارٹی کا دھاندلی کا الزام
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے گزشتہ روز انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے الزام لگایا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی کے مطابق انتخابات کروائے اور موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے مخصوص مقاصد ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے آزاد کشمیر بلایا گیا اور مسلم لیگ (ن) کو انتخابات میں زبردستی کامیاب کرایا جا رہا ہے۔

چوہدری یاسین کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات نے 2016 کے انتخابات کی یاد تازہ کردی ہے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 80 فیصد حلقوں میں تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم بعد میں وہ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی۔

Watch Live Public News