اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کے دورے کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں یہ کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم نے 31 جنوری تا 9 فروری پاکستان کا دورہ کیا ہے جو پروگرام کے نویں جائزے کیلئے تھا جبکہ دورے میں پاکستان سے تعمیری بات چیت بھی ہوئی ہے ۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مذاکرات میں مقامی اور بیرونی ناہمواریاں دور کرنے کیلئے قابل ذکر بات چیت آگے بڑھی ہے ، دورے میں مستقل ریونیو حصول کے اقدامات، نان ٹارگٹڈ سبسڈی میں کمی، غریب ترین طبقے کے سماجی تحفظ بڑھانے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں گردشی قرض میں کمی کرکے توانائی کے شعبے میں عملداری یقینی بنانے اور پاکستانی حکام سے توانائی کی فراہمی بہترکرنے پربات چیت ہوئی ہے ۔ اعلامیے میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم میکرو استحکام کیلئے پالیسیوں پر عمل درآمد کا خیر مقدم کرتا ہے، میکرو استحکام اور پائیدارترقی کیلئے سرکاری شراکت داروں سے مالی مدد پاکستان کے لیے ضروری ہے، فیصلہ کن پالیسوں پربروقت عملدرآمد سے ہی پاکستان میں میکرو استحکام آئے گا جبکہ ان پالیسیوں پر عملدر آمد کے لیے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے ۔