ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین اور روس امریکا سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں تیل کمپنیوں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی تیل کمپنیوں کو وینزویلا میں مکمل سیکیورٹی گارنٹی فراہم کی جائے گی اور امریکا فوری طور پر وینزویلا کے تیل کو ریفائن اور فروخت کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ تیل کے کاروبار سے امریکی شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک آئل ٹینکر کو پکڑا گیا جو امریکی اجازت کے بغیر وینزویلا سے روانہ ہوا تھا، جس کا تیل وینزویلا سے معاہدے کے تحت فروخت کیا جائے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور وہاں کے انفرااسٹرکچر میں امریکی کمپنیوں کے ذریعے بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ حال ہی میں وینزویلا نے امریکا کو 30 ملین بیرل تیل فراہم کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وینزویلا میں کام کرنے والی تیل کمپنیاں براہِ راست امریکی حکومت سے معاہدے کریں گی، وینزویلا سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں کے ساتھ اگلے ہفتے ایک اور اجلاس ہوگا۔