گجرات: اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا۔ نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، ملک کے حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ، ”تجربہ کاروں“ کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہوگا، ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کے خلاف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں ان حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنائیں گے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی، پاکستان تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے، شریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے، شریف برادران ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتتے رہے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا، ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔