ویب ڈیسک:این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، گلگت بلتستان میں 11 سے 15 جولائی کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ، گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے،11 سے 15 جولائی تک گلگت بلتستان میں ہنزہ، استور، سکردو، دیامیر، گلگت، گھانچے، شگر، چلاس کے علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسمی حالات کے ممکنہ اثرات کے باعث گلیشئرز کی برف پگھلنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی متوقع ہیں۔
این ای او سی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخواہ، کشمیر کے متعدد علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں، عوام موسمی صورتحال سے آگاہ اور پہاڑی علاقوں کیطرف سفر کرنے سے گریز کریں، خطرے سے دو چار علاقوں کی آبادی مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
اور ان کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں،عوام بروقت الرٹس کے لیے’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور موسم کی رپورٹس پر گہری نظر رکھیں۔