لاہور: ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کا مقدمہ درج

لاہور: ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کا مقدمہ درج
کیپشن: لاہور: ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے اچھرہ میں ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولہ نعیمہ کے والد محمد عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے کے دوران بچی کے گلے پر نشانات پائے گئے ہیں، تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین طبی اور فرانزک شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق 10 سالہ نعیمہ اپنی بہنوں کے ہمراہ ٹیوشن پڑھنے کے لیے گئی تھی، جہاں بعد ازاں اس کی لاش ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی۔

دوسری جانب صوبائی وزیرِ قانون رانا محمد اقبال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیرِ قانون نے پولیس کو شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمسن بچی کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں گی۔

رانا محمد اقبال نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

Watch Live Public News