پاکستان کا چین سےJ-35اسٹیلتھ طیارہ خریدنےکا ارادہ

پاکستان کا چین سےJ-35اسٹیلتھ طیارہ خریدنےکا ارادہ
کیپشن: پاکستان کا چین سےJ-35اسٹیلتھ طیارہ خریدنےکا ارادہ

ویب ڈیسک: پاکستان نے چین سے جدید ترین دفاعی ساز و سامان خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس میں ففتھ جنریشن J-35 اسٹیلتھ فائٹر جیٹ، J-500 اواکس ایئرکرافٹ اور HQ-19 بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم شامل ہیں۔ اس اہم پیش رفت کے بعد چینی دفاعی کمپنیوں کے شیئرز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق، اگر یہ معاہدہ طے پاتا ہے تو J-35 طیارے کی یہ پہلی بین الاقوامی برآمد ہوگی۔ یہ اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ جدید ریڈار سے بچاؤ، دشمن فضائی حدود میں خاموشی سے داخل ہونے، اور جدید ہتھیاروں کے استعمال کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ J-500 اواکس طیارہ اپنی کمپیکٹ ساخت کے باوجود وسیع فضائی نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستان کی فضائی جنگی تیاریوں کو مزید مستحکم بنائے گا، بالخصوص کسی ہنگامی صورتحال یا سرحدی جھڑپ کے دوران۔

ادھر HQ-19 بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم کی ممکنہ خریداری پاکستان کی میزائل شکن دفاعی صلاحیتوں میں انقلابی بہتری لائے گی، جو جدید بیلسٹک خطرات سے نمٹنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

اس مجوزہ دفاعی تعاون کی خبر نے چینی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت اثر ڈالا، جہاں شنیانگ ایئرکرافٹ کارپوریشن کے حصص میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر دفاعی کمپنیوں کے شیئرز میں بھی 15 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، حالیہ سفارتی کامیابیوں میں چین کی جانب سے 40 عدد ففتھ جنریشن J-35 طیارے اور دیگر حساس دفاعی نظاموں کی پیشکش کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی کا عملی ثبوت ہے۔

Watch Live Public News