مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے دوران امریکی برآمدات میں نمایاں اضافہ، تیل کی فروخت سے اربوں ڈالر کی آمدن

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے دوران امریکی برآمدات میں نمایاں اضافہ، تیل کی فروخت سے اربوں ڈالر کی آمدن
کیپشن: مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے دوران امریکی برآمدات میں نمایاں اضافہ، تیل کی فروخت سے اربوں ڈالر کی آمدن

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور توانائی کی عالمی منڈی میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے دوران امریکا کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات نے کلیدی کردار ادا کیا۔

عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے امریکا جیسے بڑے تیل برآمد کنندہ ملک کو معاشی فائدہ پہنچا۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور بلند قیمتوں نے امریکی برآمدات اور تجارتی اعداد و شمار کو تقویت دی۔

امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اپریل میں ملک کی مجموعی برآمدات 2.6 فیصد اضافے کے بعد 327.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔ اسی عرصے میں امریکی تجارتی خسارہ 1.2 فیصد کم ہو کر 55.9 ارب ڈالر رہ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے تجارتی خسارے کے تخمینے پر بھی نظرثانی کی گئی، جس کے بعد اسے 60.3 ارب ڈالر سے کم کر کے 56.6 ارب ڈالر کر دیا گیا۔

برآمدات میں اضافے کی بڑی وجہ اشیا کی فروخت میں بہتری رہی۔ اپریل کے دوران اشیا کی برآمدات 4.1 فیصد بڑھ کر 221.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات اس اضافے کا سب سے نمایاں حصہ رہیں۔

رپورٹ کے مطابق اپریل میں امریکا کی پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 36.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مارچ میں یہ حجم 27.6 ارب ڈالر تھا۔ ماہرین کے مطابق اس اضافے کی وجہ نہ صرف عالمی منڈی میں بلند قیمتیں تھیں بلکہ برآمدی حجم میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب نے دیگر صنعتی شعبوں کی برآمدات کو بھی سہارا دیا۔ صنعتی سامان اور سپلائیز کی برآمدات بڑھ کر 89 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں، جبکہ امریکی پٹرولیم تجارتی سرپلس مارچ کے 9.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر اپریل میں 17.7 ارب ڈالر ہو گیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر برآمدات میں اضافے کا یہ رجحان برقرار رہا تو سال کی دوسری سہ ماہی میں امریکی معیشت کی نمو مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق توانائی کے شعبے کی کارکردگی امریکا کی مجموعی اقتصادی سرگرمیوں کے لیے اہم محرک ثابت ہو رہی ہے۔

Watch Live Public News