ویب ڈیسک: یورپی ریاست موناکو، جو دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہوں کا مرکز سمجھی جاتی ہے، نے حال ہی میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
یوکرین کے امیر ترین شخص ریناٹ اخمیٹوف کی ملکیت والی سسٹم کیپیٹل منیجمنٹ نے موناکو کے مشہور لے رینزو عمارت میں موجود ایک شاندار 21 کمروں پر مشتمل پینٹ ہاؤس کو 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔
یہ مہنگا ترین اپارٹمنٹ پانچ منزلوں پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا رقبہ 26 ہزار 900 مربع فٹ سے بھی زیادہ ہے۔ پینٹ ہاؤس موناکو کے ساحلِ سمندر کے کنارے واقع ہے، جہاں سے بحیرۂ روم کے دلکش مناظر یکسر دیکھے جا سکتے ہیں۔
پینٹ ہاؤس میں موجود سہولیات میں 21 عالی شان کمرے، 8 خصوصی پارکنگ اسپیس، وسیع ٹیرسز کے ساتھ بحیرہ روم کے براہِ راست مناظر، نجی سوئمنگ پول اور جکوزی، پریمیم فرنیچر اور جدید اسمارٹ ہوم آٹومیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ یہ سب سہولیات اسے دنیا کے سب سے مہنگے رہائشی منصوبوں میں شامل کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ موناکو، جو ویٹیکن کے بعد یورپ کی سب سے چھوٹی خودمختار ریاست ہے، پہلے ہی دنیا کی مہنگی ترین رئیل اسٹیٹ مارکیٹوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں گزشتہ سال فی مربع میٹر قیمت 82 ہزار 300 ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔