'حقیقی آزادی کیلئے میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں'

'حقیقی آزادی کیلئے میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں'
گجرانوالہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ گجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے مجھے اس قوم کے نوجوانوں کی بہت ضرورت پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ جس تعداد میں آج میں اس جلسے میں خواتین دیکھ رہا ہوں اس پر میں الله کا شکر اداد کرتا ہوں کہ الله تو نے اس قوم کو جگا دیا ہے اور جاگی ہوئی قوم اور شعور والی قوم جس میں بیداری آجاتی ہے ، وہی قوم اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے اور وہی قوم جو حقیقی آزادی پر آزاد ہوتی ہے وہی اوپر جاتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آج میں نے آپ سے کئی باتیں کرنی ہے لیکن سب سے پہلے میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ چار چیزیں ہے جو قوم کو، انسان کو حقیقی طور پر آزاد کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الله نے مجھے دنیا میں سفر کرنے کا موقع دیا، ہر معاشرے کو قریب سے دیکھا لیکن ایک چیز میں نے دیکھی کہ کبھی بھی کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی جب تک وہ غلامی کی زنجیریں نہیں توڑتی اور میری پوری کوشش ہے کہ میں اپنی قوم کو آزاد کروں ۔ جلسے سے خطاب کرتےہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران خان کو نااہل کیا جائے جبکہ حقیقی آزادی کیلئے جیل چھوٹی چیز ہے، حقیقی آزادی کیلئے میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ امپورٹڈ حکومت نے پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کی، انہوں نے سمجھا لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے لیکن قوم سڑکوں پر آ گئی، ملک کی تاریخ میں کبھی عوام اس طرح سڑکوں پر نہیں نکلے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر لے کر جاتے ہیں، ان کے پیسے باہر پڑے ہیں جو باہر سے حکم ملے گا وہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی لیکن انہوں نے لوگوں پر مہنگائی کا بم گرا دیا، امریکا کے ڈر سے انہوں نے روس سے گندم اور سستا تیل نہیں لیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔