قطر پر صہیونی حملوں کے بعد اسپیکر اسرائیلی پارلیمنٹ کی مسلم ممالک کو دھمکی

قطر پر صہیونی حملوں کے بعد اسپیکر اسرائیلی پارلیمنٹ کی مسلم ممالک کو دھمکی
کیپشن: قطر پر صہیونی حملوں کے بعد اسپیکر اسرائیلی پارلیمنٹ کی مسلم ممالک کو دھمکی

ویب ڈیسک: قطر پر صہیونی حملوں کے بعد اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کے اسپیکر نے دوحہ پر اسرائیلی حملے کو پورے مشرق وسطیٰ کیلئے ایک دھمکی آمیز پیغام قرار دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کنیسٹ کے اسپیکر نے حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ پورے خطے کیلئے پیغام ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے دوحہ میں حماس کے دفتر پر اس وقت حملہ کیا جب قیادت غزہ جنگ بندی معاہدے پر مشاورت کر رہی تھی۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانا تھا۔

دوسری جانب، پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک نے قطر میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی ولی عہد کا کہنا ہے کہ قطر کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے اسرائیلی حملوں کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا حملے سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ترک صدر نے اسرائیلی حملوں کو جنگ بندی مذاکرات کو سبوتاز کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Watch Live Public News