ویب ڈیسک:امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے او راس کے ذیلی گروپ کالعدم مجید بریگیڈ کوعالمی دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا گیا ہے، اس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا اہم بیان سامنے آیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے امریکا کے اس فیصلے کو سراہا، لکھا کہ امریکہ کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا قابلِ تحسین اقدام ہے، وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مؤقف امریکی انتظامیہ کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ طویل عرصے سے نسلی و لسانی حقوق کے جھوٹے پردے میں معصوم شہریوں کا خون بہاتے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکھا کہ ’ دہشت گردی کسی صورت قابلِ جواز نہیں، کوئی مقصد بے گناہ شہریوں کے قتل کو درست قرار نہیں دے سکتا،دنیا کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
